کرک، پولیس کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی،دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ

کرک، پولیس کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی،دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک بڑے اور مؤثر آپریشن کے دوران آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ کئی دہشتگرد زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی شدت پسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کی گئی، جن کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ علاقے میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔آر پی او کوہاٹ نے کہا کہ یہ آپریشن ان کی براہ راست نگرانی میں ہوا ہے، کارروائی میں بھاری پولیس نفری کے ساتھ خفیہ اداروں نے بھی حصہ لیا ہے جبکہ ڈی ایچ او کرک سعود خان بھی موقع پر موجود  تھے۔

  پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے  آپریشن میں حصہ لیا۔  سکیورٹی فورسز نے مشتبہ ٹھکانے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :سیکیورٹی فورسز کی ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 2 اہم کمانڈروں سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

کئی گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے کے بعد آٹھ دہشتگرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہو کر قریبی علاقوں کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، دستی بم، گولیاں، خودکار ہتھیار اور حساس نوعیت کا مواد بھی برآمد کیا ہے، جو مبینہ طور پر دہشتگرد کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد  کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھتے تھے اور ماضی میں بھی مختلف وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ زخمی ہو کر فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے  جبکہ قریبی علاقوں میں ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔

آپریشن کے بعد علاقے میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں پر فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے خطرے کو بروقت ناکام بنایا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرک میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی بھی شرپسند عنصر کو قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *