وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق دسمبر 2025 کی ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں عوام کے لیے قدرے اطمینان بخش اعداد و شمار سامنے آئے ہیں،رپورٹ کے مطابق نومبر کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو اس بات کی علامت ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی رفتار سست پڑ رہی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح کم ہو کر 5.6 فیصد تک آ گئی، جبکہ نومبر 2025 میں یہی شرح 6.15 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔اس طرح ایک ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں واضح کمی دیکھی گئی ہے دلچسپ بات یہ ہے کہ وزارتِ خزانہ نے دسمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ5.5 سے 6.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا اور حتمی اعداد و شمار اس اندازے کے قریب ہی سامنے آئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ یعنی جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 5.15 فیصد رہی۔
یہ اعداد و شمار اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ مجموعی طور پر مہنگائی میں اعتدال کا رجحان برقرار رہا اگرچہ بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
علاقائی سطح پر جائزہ لیا جائے تو دسمبر کے مہینے میں دیہی علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.6 فیصد کمی ہوئی جو دیہی آبادی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔اسی طرح شہری علاقوں میں بھی مہنگائی کی شرح میں 0.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو دسمبر 2025 میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 5.4 فیصد رہی، جبکہ شہروں میں یہ شرح قدرے زیادہ، یعنی 5.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اگر پچھلے سال سے موازنہ کیا جائے تو دسمبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4.1 فیصد تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سال کے دوران مہنگائی کی سطح میں اضافہ ہوا تاہم حالیہ مہینوں میں اس میں کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے، ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے مہینوں میں عوام کو مزید ریلیف ملنے کے امکانات موجود ہیں۔