سال 2023 میں مردان میں فوج کی جعلی وردی پہن کر چرس اسمگل کرنے کے واقعے میں ملوث ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے ملزم کی شناخت اقبال علی ولد فرمان علی کے نام سے ہوئی ہے جو ایبٹ آباد کا رہائشی ہے۔ تحقیقات میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ملزم کا پاک فوج سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ منشیات اسمگلنگ کے غیر قانونی دھندے میں ملوث رہا۔ ملزم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دینے کیلئے جعلی یونیفارم استعمال کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزم اقبال علی نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جان بوجھ کر جعلی وردی کا غلط استعمال کیا، جو ایک سنگین اور انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔ ویڈیو بیان میں ملزم نے کہا کہ وہ اپنے اس گھناؤنے فعل پر پاک فوج اور پوری قوم سے معافی مانگتا ہے ۔
ویڈیو میں ملزم کا کہنا تھا کہ میں آئندہ ایسا کام نہیں کروں گا اپنے کیے پر میں پوری قوم اور ادارے سے معافی مانگتا ہوں،یاد رہے کہ ریاستی اداروں کی وردی کا جعلی استعمال نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ اس سے قومی سلامتی اور عوام کے اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے جس پر قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جا تی ہے۔