ملک کے مختلف حصوں میں چھائی گھنی دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ شدید متاثر ہو گئی ہے جس کے باعث موٹرویز پر ٹریفک کا معمول درہم برہم ہو گیا ہے اور متعدد مقامات پر سفر معطل کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دھند کے باعث موٹروے ایم-3 فیض پور سے جڑانوالہ تک اور بڑی گاڑیوں کے لیے موٹروے ایم-2 لاہور سے کوٹ مومن تک ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبد الحکیم تک اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے ایم-11 بھی دھند کے باعث بند ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دن کے اوقات میں سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں: دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو رحیم یار خان سے روہڑی تک بند

