عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹس میں ایک روز کے وقفے کے بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی کے باعث صارفین اور سرمایہ کاروں کو ریلیف ملا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 400 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 360 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 487 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 664 روپے کی سطح پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 104 ڈالر فی اونس سستا ہوا، جس کے بعد عالمی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت 4 ہزار 98 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر براہ راست مقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر اور مقامی طلب و رسد کے عوامل سونے کے نرخوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صرافہ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے بعد سونے کی قیمتیں گزشتہ چند روز کے مقابلے میں نمایاں نیچے آئی ہیں، تاہم عالمی معاشی صورتحال اور مارکیٹ کے رجحانات کے باعث آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید تبدیلی کا امکان موجود ہے۔