وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار سے خوش نہیں، بھارت نے اگر دوبارہ جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان نے جنگ کے بجائے مذاکرات اور امن کا راستہ اپنایا۔
ان کاکہنا تھا کہ امتِ مسلمہ پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اپنی مغربی سرحدوں پر امن کا خواہاں ہے ، افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور پُرامن تعلقات چاہتے ہیں ، افغان قیادت پاکستان کی دہائیوں پر محیط مہمان نوازی کو یاد رکھے، پاکستان نے افغان عوام کو پناہ، تعلیم اور روزگار فراہم کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے، عالمی برادری پاکستان کی قیادت اور کردار کو سراہ رہی ہے۔