چینی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ون پلس نے اپنا فلیگ شپ اسمارٹ فون OnePlus 15 اکتوبر کے آخر میں متعارف کرایا تھا، تاہم اب اس کے اگلے ماڈل OnePlus 16 سے متعلق اہم فیچرز لانچ سے قبل سامنے آ گئے ہیں۔
لیک ہونے والی معلومات کے مطابق ون پلس 16 میں اسکرین کے حوالے سے بڑی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ون پلس اپنے آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فون میں کم از کم 200 ہرٹز ریفریش ریٹ والی ڈسپلے اسکرین فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو OnePlus 16 اسمارٹ فون کی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ ریفریش ریٹ رکھنے والا فون ہوگا۔
تاہم اس بات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ اسکرین کا ریفریش ریٹ 200 ہرٹز سے زیادہ بھی ہو سکتا ہے یا نہیں۔ بعض رپورٹس میں 240 ہرٹز ڈسپلے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا گیا، لیکن اس حوالے سے فی الحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
زیادہ ریفریش ریٹ کا فائدہ یہ ہوگا کہ اسمارٹ فون کا استعمال زیادہ ہموار اور تیز محسوس ہوگا، خاص طور پر گیمنگ اور اسکرولنگ کے دوران۔ اس کے ساتھ ہی یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا موجودہ گیمز اور ایپس اتنے زیادہ ریفریش ریٹ کو مکمل طور پر سپورٹ کر پائیں گی یا نہیں، اور کیا صارفین خود ایپس کو زیادہ ریفریش ریٹ پر چلانے کے قابل ہوں گے۔
دوسری جانب بیٹری کے استعمال سے متعلق خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں، کیونکہ زیادہ ریفریش ریٹ عام طور پر بیٹری کی کھپت میں اضافہ کرتا ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق نئی سلیکون کاربن بیٹری ٹیکنالوجی کی بدولت زیادہ بیٹری کپیسٹی فراہم کی جا سکتی ہے، جس سے پاور کنزمپشن کا مسئلہ کسی حد تک کم ہونے کا امکان ہے۔
ون پلس کی جانب سے اب تک ان خبروں پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ OnePlus 16 کی حتمی اسپیسیفکیشنز بھی تاحال منظرعام پر نہیں آئیں۔