مشہور کھلونہ ساز کمپنی لیگو نے اپنی نئی لیگو ٹیکنک کوینیگ سیگ جیسکو ایبسولٹ سیٹ کی تشہیر کے لیے ایک حیران کن کارنامہ انجام دیتے ہوئے سپرکار کا مکمل سائز کا ماڈل تیار کر لیا، جو تقریباً 3 لاکھ 28 ہزار لیگو ٹیکنک پرزوں سے بنایا گیا ہے۔
اس منفرد گاڑی کو معروف ٹیسٹ ڈرائیور مارکس لندھ نے برطانیہ کے گڈ ووڈ ہِل کلائمب ٹریک پر چلایا، جہاں اس نے 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرتے ہوئے دنیا کی تیز ترین لیگو کار کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھا۔
لیگو کے مطابق اس مکمل سائز کے ماڈل کی تیاری میں ٹیم کو تقریباً 9 ہزار 400 گھنٹے لگے۔ ڈیزائن اس قدر حقیقی ہے کہ چلتی ہوئی گاڑی کسی اصل سپرکار کا تاثر دیتی ہے، نہ کہ پلاسٹک کے بلاکس سے تیار کردہ ماڈل کا۔
لیگو کے ڈیزائن لیڈ لوبور زیلنکا نے بتایا کہ یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے پیچیدہ اور کم وقت میں مکمل ہونے والا منصوبہ تھا۔ ان کے مطابق ٹیم کا ہدف گاڑی کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار تک پہنچانا تھا، جو کامیابی سے حاصل کر لیا گیا۔
اس ماڈل میں کوینیگ سیگ کے مشہور ’’گھوسٹ موڈ‘‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کی بدولت گاڑی کے متعدد باڈی پینلز اصل سپرکار کی طرح کھلتے ہیں۔
گاڑی کا مجموعی وزن تقریباً 1,800 کلوگرام ہے، جس میں سے 400 کلوگرام صرف لیگو کے پرزوں پر مشتمل ہیں۔ اس کے علاوہ گاڑی میں کسٹم میٹل چیسس، ایف آئی اے معیار کا رول کیج، کاربن فائبر وہیلز اور مکمل سسپنشن سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔
اصل کوینیگ سیگ سپرکار کے برعکس یہ لیگو ماڈل ایک چھوٹی برقی موٹر سے چلتا ہے، لیکن اس کے باوجود اس نے اپنی رفتار اور انجینئرنگ کے باعث دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔