دنیا میں پرندوں کی ہزاروں اقسام پائی جاتی ہیں، لیکن ایک ایسا منفرد پرندہ بھی موجود ہے جس کے سر کے پر پگھلے ہوئے سیاہ پلاسٹک کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔
یہ نایاب پرندہ کرل کریسٹڈ آراکاری کہلاتا ہے اور اس کے سر پر موجود گھنگریالے سیاہ پر اسے دیگر تمام پرندوں سے منفرد بناتے ہیں۔ ماہرینِ پرندیات (Ornithologists) کے مطابق یہ تاج نما پروں کی ساخت پوری دنیا کے پرندوں میں اپنی نوعیت کی واحد مثال ہے۔
کرل کریسٹڈ آراکاری جنوبی امریکا کے نشیبی بارانی جنگلات میں پایا جاتا ہے، خصوصاً پیرو،بولیویا اور برازیل کے گھنے جنگلات اس کا قدرتی مسکن ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پرندے کے سر کے گھنگریالے پر عام پروں سے مختلف ساخت رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پگھلے ہوئے پلاسٹک یا باریک ربڑ کی پٹیوں جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ یہی غیرمعمولی خصوصیت اسے دنیا کے عجیب ترین پرندوں میں شامل کرتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس پرندے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد صارفین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور اسے قدرت کے انوکھے شاہکاروں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔