الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اہم رہنما کو نوٹس جاری کردیا

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اہم رہنما کو نوٹس جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے خلاف الزامات عائد کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی شفیع اللہ جان کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شفیع اللہ جان نے ہری پور کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے کمیشن پر سنگین الزامات لگائے تھے۔

نوٹس کے مطابق شفیع اللہ جان نے دعویٰ کیا کہ فارم 47 اسلام آباد سے جاری کیے گئے جبکہ فارم 45 کو اپ لوڈ نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے ان الزامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مؤقف اختیار کیا ہے کہ شفیع اللہ جان کے بیانات غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، جن کی حمایت میں کوئی شواہد موجود نہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بغیر تصدیق شدہ شواہد کے ایسے بیانات غیر ضروری کنفیوژن پیدا کرتے ہیں اور اس سے انتخابی عمل پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ الزامات الیکشن کمیشن کو بدنام کرنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خٹک کو لاہور کینٹ میں داخلے کی اجازت کیوں نہ ملی ؟ تحریک انصاف کا ایک اور جھوٹا بیانیہ بے نقاب

الیکشن کمیشن نے شفیع اللہ جان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنی پوزیشن واضح کریں اور اپنے الزامات کے حق میں ٹھوس اور تصدیق شدہ شواہد پیش کریں۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں شواہد فراہم نہ کیے گئے تو یہ نتیجہ اخذ کیا جائے گا کہ الزامات بغیر کسی بنیادی حقائق کے عائد کیے گئے تھے، جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ہری پور کے ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی مہم میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے مبینہ دھمکی آمیز بیانات پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حویلیاں میں ایک جلسے کے دوران انتظامیہ، پولیس اور انتخابی عملے کو دھمکایا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *