وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ، سندھ حکومت کا ردعمل سامنے آگیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ، سندھ حکومت کا ردعمل سامنے آگیا

سندھ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے متوقع دورۂ سندھ کے حوالے سے رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ سے رابطہ کیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو صوبے میں خوش آمدید کہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناصر حسین شاہ نے حلیم عادل شیخ کو آگاہ کیا کہ سہیل آفریدی کو ان کے عہدے کے مطابق مکمل پروٹوکول فراہم کیا جائے گا اور جو صورتحال پنجاب میں پیش آئی تھی، وہ سندھ میں نہیں دہرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا بھی یہی فیصلہ ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ناصر حسین شاہ سے ہونے والے رابطے کی تصدیق کی اور سندھ حکومت کا پیغام وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تک پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خٹک کو لاہور کینٹ میں داخلے کی اجازت کیوں نہ ملی ؟ تحریک انصاف کا ایک اور جھوٹا بیانیہ بے نقاب

سہیل آفریدی نے اپنے ردعمل میں سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صوبے میں کسی اضافی پروٹوکول کی ضرورت نہیں، صرف آئین کے مطابق سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے اور اپنے لوگوں سے ملاقات کا حق فراہم کیا جائے۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی بھی ایک تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو قانون کے مطابق پروٹوکول فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Related Articles