پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھجوا دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقررہ ڈیڈ لائن کے تحت ابتدائی فہرست آئی سی سی کو ارسال کی گئی ہے، جس میں 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو 31 جنوری تک ابتدائی اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے اور اس مدت کے دوران آئی سی سی کی اجازت کے بغیر رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس تاریخ کے بعد کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے باقاعدہ اجازت لینا لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے بعد ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کے اعلان کا ارادہ رکھتا ہے۔ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک سے دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خصوصی طور پر جانچنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
ابتدائی اسکواڈ میں دورہ سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سینیئر کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں، جو ٹیم کے تجربہ کار ستون سمجھے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی، جس کے لیے ٹیم کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
دورہ سری لنکا کے لیے اعلان کردہ ٹی 20 اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق ابتدائی اسکواڈ میں توازن اور تجربے کا امتزاج نظر آتا ہے، جبکہ سری لنکا کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے کا اہم موقع ثابت ہو سکتی ہے۔