نگران دور حکومت میں بھرتی ہونے والے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

نگران دور حکومت میں بھرتی ہونے والے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نگران دور میں بھرتی کیے گئے 645 ملازمین کو 10 روز کے اندر نوکریوں سے فارغ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے صوبے کی جامعات سے فوری رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کے ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبے کی تمام سرکاری جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کو خیبر پختونخوا ریموول فرام سروس ایکٹ 2025 پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمے کے مطابق نگران دور میں 18 جامعات میں مجموعی طور پر 645 ملازمین بھرتی کیے گئے تھے۔ ان میں ویمن یونیورسٹی مردان کے 140، زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے 120، بونیر یونیورسٹی کے 76، چترال یونیورسٹی کے 63، مالاکنڈ یونیورسٹی کے 54، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 34 اور باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے 33 ملازمین شامل ہیں۔

اسی طرح انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں 32، سوات یونیورسٹی میں 22، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شیرینگل میں 15، بنوں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں 14، لکی مروت یونیورسٹی میں 11 اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں 9 ملازمین کی بھرتیاں کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی ایسے بندوں کو ساتھ لائے جن کے پاس اجازت نامے اور شناختی کارڈ نہیں تھے، ملک احمد خان

اس کے علاوہ شہدا آرمی پبلک سکول یونیورسٹی نوشہرہ میں 8، ہری پور یونیورسٹی میں 6، پشاور یونیورسٹی میں 4 جبکہ پاک آسٹریا ہری پور میں بھی 4 ملازمین نگران دور میں بھرتی کیے گئے تھے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تمام متعلقہ جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت میں اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *