ماہرین صحت نے عوام کو دیسی گھی اور لہسن کے حوالے سے پائی جانے والی عام غلط فہمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور احمد نے کہا کہ دیسی گھی کو گڈ فیٹ سمجھنا درست نہیں، کیونکہ یہ دل کی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
ان کے مطابق دیسی گھی اور دیگر حیوانی چکنائیاں انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں، کیونکہ یہ جسم میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ کرتی ہیں۔ ایل ڈی ایل کولیسٹرول بڑھنے سے شریانوں میں سوزش پیدا ہوتی ہے اور خون کی نالیاں تنگ ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں دل کے دورے یا ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہر صحت نے مشورہ دیا کہ ایسے تیل استعمال کیے جائیں جو عام درجہ حرارت پر جمنے نہ ہوں، کیونکہ یہ جسم کے لیے نسبتاً بہتر سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ لہسن میں Statin نامی جز ضرور پایا جاتا ہے، تاہم اس کی مقدار اتنی کم ہوتی ہے کہ یہ کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات کا مؤثر متبادل نہیں بن سکتا۔
ڈاکٹر منصور احمد کے مطابق لہسن اور پیاز خون کو پتلا کرنے میں کسی حد تک مددگار ہو سکتے ہیں، لیکن جدید طبی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ان کے یہ اثرات بہت محدود ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا اپنانا اور کم چکنائی والے تیل کا استعمال نہایت ضروری ہے، جبکہ دیسی گھی یا حیوانی چکنائی پر زیادہ انحصار صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔