نیسکام کی بڑی کامیابی، نیسکام کے سائنسدانوں کا مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا پاک فضائیہ کے طیاروں سے کامیاب تجربہ

نیسکام کی بڑی کامیابی، نیسکام کے سائنسدانوں کا مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا پاک فضائیہ کے طیاروں سے کامیاب تجربہ

نیسکام کے سائنسدانوں نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا پاک فضائیہ کے طیاروں سے کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ائیر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور کروز میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو دشمن کے ائیر اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ میزائل جدید نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے بھی لیس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور میزائل کے کامیاب تجربے سے پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تیمور ویپن سسٹم علاقائی سکیورٹی صورتحال میں پاکستان کے قابلِ اعتماد دفاع کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب تجربہ قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی عکاسی کرتا ہے اور قومی عزم کے ساتھ ساتھ تکنیکی خود کفالت کا عملی ثبوت بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان آرمی کے زیرِ اہتمام نیشنل ریسلنگ چیمپیئن شپ  کا شاندار آغاز

بیان میں مزید بتایا گیا کہ فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران اور سائنسدانوں نے کیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سائنسدانوں اور انجنیئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت نے بھی پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے اور دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *