پاکستان آرمی کے زیر اہتمام نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ 2025-26 کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو ملک بھر میں مرحلہ وار کھیلی جا رہی ہے۔ اس قومی چیمپیئن شپ کا مقصد نوجوان ریسلرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مضبوط اور منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
نیشنل ریسلنگ چیمپیئن شپ پاکستان آرمی اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 31 دسمبر 2025 سے ہو چکا ہے، جبکہ اس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا عمل 15 دسمبر سے 30 دسمبر 2025 تک جاری رہا۔
انتظامیہ کے مطابق چیمپیئن شپ 4 مراحل پر مشتمل ہے، جو ملک کے مختلف حصوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں ضلعی سطح کے مقابلے 31 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک کھیلے جا رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
دوسرا مرحلہ ڈویژنل سطح پر 15 جنوری 2026 سے 20 جنوری 2026 تک منعقد کیا جائے گا، جس میں ضلعی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریسلرز شرکت کریں گے۔ تیسرا مرحلہ صوبائی سطح پر 25 جنوری 2026 سے 30 جنوری 2026 تک کھیلا جائے گا، جہاں سے بہترین کھلاڑی فائنل مرحلے کے لیے منتخب ہوں گے۔
چوتھا اور فائنل مرحلہ 5 سے 10 فروری تک منعقد ہوگا، جس کے سنسنی خیز مقابلے سیالکوٹ میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل مرحلے میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے ٹاپ ریسلرز قومی سطح پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان آرمی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے ذریعے آگے بڑھنے اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، محنت اور صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو بھی فروغ دے گی۔