بھارت کا جبری تسلط جاری، کشمیری عوام آج پوری دُنیا میں حق خودارادیت بنا رہے، تقریبات، ریلیاں منعقد

بھارت کا جبری تسلط جاری، کشمیری عوام آج پوری دُنیا میں حق خودارادیت بنا رہے، تقریبات، ریلیاں منعقد

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج ’یومِ حقِ خودارادیت‘ منا رہے ہیں۔ اس دن کے موقع پر آزاد کشمیر، پاکستان اور مختلف ممالک میں تقریبات، ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو ایک بار پھر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شدید سردی کے باوجود آزادی چوک پر رات گئے مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں مشعلیں اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:صدر، وزیراعظم کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ

مظاہرین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

یومِ حقِ خودارادیت ہر سال 5 جنوری کو منایا جاتا ہے، کیونکہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس کے تحت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا۔

اس قرارداد کے مطابق ریاست جموں کشمیر کے مستقبل کا تعین آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے اس پر عملدرآمد آج تک نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ’5 جنوری 1949 کو یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد میں واضح طور پر طے پایا تھا کہ ریاست جموں کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا، لیکن بھارت کے غیرقانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ پورا نہ ہوسکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم، جبر اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود کشمیری عوام کا عزم اور جدوجہد کمزور نہیں پڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ان کے جائز حق سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیری عوام بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

یومِ حقِ خودارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ یاد دلانا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں اب بھی برقرار ہیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *