انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے میچز بھارت کے بجائے کسی دوسرے ملک میں کرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی درخواست پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، جس کے تحت میچز کی میزبانی میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی سرکاری چھٹی کے باعث آئی سی سی کا اہم اجلاس منعقد نہیں ہو سکا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ چند روز میں اجلاس بلا کر اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے اعلیٰ حکام بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف اور سیکیورٹی خدشات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست منظور کر لی جاتی ہے تو بنگلہ دیش کے میچز سری لنکا منتقل کیے جا سکتے ہیں، جہاں متبادل انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے صورتحال کو زیادہ موزوں قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا پہلے ہی بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کا تجربہ رکھتا ہے، جس کے باعث آئی سی سی کے لیے یہ فیصلہ نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ان کی قومی ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ بی سی بی کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آنے کے بعد ٹورنامنٹ کے شیڈول اور مقامات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق آئی سی سی کا حتمی فیصلہ نہ صرف بنگلہ دیش بلکہ ٹورنامنٹ میں شامل دیگر ٹیموں کے شیڈول پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ شائقین کرکٹ کی نظریں آئی سی سی کے آئندہ اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں اس اہم معاملے پر باضابطہ اعلان متوقع ہے۔