’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم: قرض کی دوسری قسط کب ملے گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم:  قرض کی دوسری قسط کب ملے گی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم میں رجسٹرڈ افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس منصوبے کے تحت بلاسود قرض کی دوسری قسط فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سال 2024 میں صوبے کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے ذاتی گھر کے خواب کو حقیقت بنانے کی غرض سے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم متعارف کرائی تھی۔ اس منصوبے کے تحت گزشتہ برس قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے، جس کے بعد ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض کی پہلی قسط بھی جاری کی گئی تھی۔

دوسری قسط کی فوری فراہمی کا حکم وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیا۔ اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 700 گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی چھت اپنا گھر اسکیم میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ صوبے کے 52 شہروں میں 204 ارب روپے مالیت کے تعمیراتی اور مرمتی منصوبے 22 فروری تک شروع کر دیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز نے منصوبوں کی مؤثر نگرانی کے لیے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لاہور ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کا حکم دیا، جبکہ دوسرے مرحلے کو 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سات دیگر شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *