پنجاب میں دھند نے منگل کی رات کئی اور موٹرویز بھی بند کروا دیں۔ نصف شب سے پہلے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان موٹر وے ایم 2 کو بھی ٹریفک کے لئے بند کرنا پڑ گیا۔ ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ٹو کو اچانک لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دیئے جانے کے سبب موٹر وے سے متصل شہروں میں جانے کے لئے سفر کرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بہت سی منزلوں کے لئے صرف ایم ٹو سے سفر کرنا ہی قابلِ عمل ہے، یہ راستہ بند ہونے کے بعد متبادل راستے بہت طویل اور دھند بھری رات میں انتہائی غیر محفوظ ہو جاتے ہیں۔ لاہور موٹر وے کی بندش سے مایوس کچھ لوگ واپس جا رہے ہین اور کچھ جی ٹی روڈ سے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: موٹروے پر سفر کرنے والوں کیلئے اہم ایڈوائزری جاری، دھند کے باعث مختلف شاہرائیں بند
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، مری اور گلیات میں موسم ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال اور خانیوال میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور بینظیر آباد میں دھند رہے گی۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، جمعرات سے رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 11 ڈگری رہنے کا امکان ہے، ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے، ہفتہ اور اتوار کو رات کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے،آئندہ 10 روز کے دوران کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 یا 19 جنوری کو مغربی ہواؤں کا سسٹم بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے،مغربی سسٹم سے سندھ میں بارش ہوگی یا نہیں، پیشگوئی بعد میں کی جائے گی۔