عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد سونا خریدنے کے خواہشمندوں اور سرمایہ کاروں نے سکھ کا سانس لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہو کر 4 ہزار 530 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 75 ہزار 362 روپے فی تولہ مقرر ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 57 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 7 ہزار 546 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی سامنے آئی ہے۔ فی تولہ چاندی 153 روپے سستی ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 8 ہزار 117 روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ، سرمایہ کاری کے رجحان میں کمی اور طلب کم ہونے کے باعث سونے کی قیمتیں نیچے آئی ہیں، آنے والے دنوں میں بھی عالمی معاشی صورتحال کے اثرات قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ کمی سے زیورات خریدنے والے صارفین کو کچھ ریلیف ضرور مل سکتا ہے، تاہم عالمی مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان موجود ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ ڈیل کی خبروں کے باعث بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا تھا۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے،بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے، امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔