عالمی سیاست میں سرپرائز، امریکا نے پیوٹن کو جی 20 اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی

عالمی سیاست میں سرپرائز، امریکا نے پیوٹن کو جی 20 اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ نے روس کو جی-20 کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے جس کی میزبانی واشنگٹن اس سال میامی میں کر رہا ہے۔

کریملن نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دسمبر میں امریکہ کے شہر میامی میں منعقد ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اس حوالے سے باخبر امریکی عہدیدار کاکہنا ہے کہ ماسکو نے یہ دعوت قبول کرلی ہے ، مزید یہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ پیوٹن کی موجودگی انتہائی مفید ہو گی اور روس کو جی-8 سے نکالنا ایک غلطی تھی ۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 2019 سے کوویڈ کی وبا  اور پھر 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے جی-20 اجلاس میں شرکت نہیں کی جس نے ماسکو اور مغربی ممالک کے درمیان سرد جنگ کے عروج کے بعد سے تعلقات میں سب سے بڑا بحران پیدا کر دیا تھا۔

کریملن ترجمان دمتری پیسکوف نے سرکاری ٹیلی ویژن کے رپورٹر کو بتایا کہ ممکن ہے صدر پوتین جی-20 کے رکن کی حیثیت سے میامی جائیں، یا شاید نہ جائیں، یا ہو سکتا ہے کوئی اور روسی نمائندہ چلا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران پر جوہری ہتھیاروں سے حملے کا کوئی ارادہ نہیں ، امریکی صدرٹرمپ

واشنگٹن پوسٹ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ٹرمپ روسی صدر کو سربراہی اجلاس میں مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم انہوں نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ دعوت کے معاملے یا اس بارے میں نہیں جانتے کہ آیا پیوٹن شرکت کریں گے یا نہیں۔

عرب میڈیا رپورٹ کیمطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا کہ ابھی تک رسمی دعوت نامے جاری نہیں کیے گئے ، عہدیدار ، جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، نے مزید کہا کہ لیکن روس جی- 20 کا رکن ہے اور اسے وزارتی اجلاسوں اور قائدین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

اس حوالے سے کریملین ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کی سربراہی اجلاس میں ہر حال میں مناسب نمائندگی ہو گی، انہوں نے واضح کیا کہ ماسکو جی-20 اجلاس کو دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے بحرانوں کے پیش نظر انتہائی اہم سمجھتا ہے۔

کریملن نے گزشتہ سال کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کی اس بات سے اتفاق کرتا ہے کہ 2014 میں روس کو جی-8 سے نکالنا ایک غلطی تھی، لیکن وہ گروپ، جو اس کے بعد جی-7 بن گیا، اب روس کے لیے اہمیت کا حامل نہیں رہا اور کسی حد تک بیکار نظر آتا ہے۔

روسی خبر رساں اداروں نے روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر پانکن کے حوالے سے بتایا کہ روس کو میامی میں جی- 20 سربراہی اجلاس میں اعلیٰ ترین سطح پر شرکت کی دعوت موصول ہو گئی ہے۔

editor

Related Articles