نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور ایم توحید حسین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پرتفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دو طرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط کی بنیاد پر تعلقات کو نئی جہت دی جائے۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون جیسے اہم شعبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبے کے درمیان روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ تعلیمی شعبے میں تعاون کو بڑھانے، طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ تعلیمی منصوبوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی جس میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، خطے میں امن و استحکام اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال شامل تھی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور بنگلا دیش مستقبل میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو وسعت دیتے رہیں گے۔ دونوں ممالک نے او آئی سی سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔