اسحاق ڈار نے جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا

اسحاق ڈار نے جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل، سعودی حکام، معزز شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نئی عمارت کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈاربیجنگ پہنچ گئے،پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی صدارت کرینگے

انہوں نے سعودی حکام کے تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں جو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کا اہم سرمایہ ہیں اور حکومت ان کو معیاری اور مؤثر قونصلر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی قونصلیٹ عمارت جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کی گئی ہے جس سے دفتری کارکردگی بہتر ہوگی اور پاکستانی شہریوں کو خدمات کے حصول میں سہولت میسر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں :وزیرخارجہ اسحاق ڈارکا ایران اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام قونصلر خدمات اور دفتری امور جلد از جلد نئی چانسری عمارت میں منتقل کیے جائیں تاکہ عوام کو اس منصوبے کے ثمرات فوری طور پر حاصل ہو سکیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی عمارت کے قیام سے پاسپورٹ، ویزا، نادرا اور دیگر قونصلر معاملات زیادہ منظم، شفاف اور تیز رفتار ہو جائیں گے۔

تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے نئی عمارت کے افتتاح کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے جدہ اور گردونواح میں مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کے مطابق یہ عمارت نہ صرف عوامی خدمات میں بہتری لائے گی بلکہ سعودی عرب میں پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *