ٹی20 ورلڈ کپ؛ ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے، بنگلہ دیش کا آئی سی سی کو واضح جواب

ٹی20 ورلڈ کپ؛ ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے، بنگلہ دیش کا آئی سی سی کو واضح جواب

بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو واضح جواب دیا ہے کہ اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی       وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق آئی سی سی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہوئی جہاں بی سی بی نے اپنے فیصلے کو دہراتے ہوئے آئی سی سی سے درخواست کی کہ بنگلہ دیش کے تمام میچز بھارت سے دوسرے ملک منتقل کردیے جائیں۔

بی سی بی نے بیان میں کہا کہ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر اپنی پوزیشن کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے پہلے سے اعلان کردہ شیڈول اجاگر کیا اور بی سی بی سے درخواست کی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے لیکن بورڈ کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

مزید جانیئے: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو ارسال

بی سی بی نے بتایا کہ آئی سی سی کے ساتھ تبادلہ خیال جاری رہے گا تاکہ ممکنہ حل نکالا جائے لیکن بورڈ اپنے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور عملے کی حفاظت کے لیے بدستور پرعزم ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بے خل کرنے پر 4 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے اور آئی سی سی کو درخواست کی تھی بنگلہ دیش کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کردیے جائیں۔

بھارت میں سری لنکا میں مشترکہ طور پر شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری 2026 کو ہوگا اور بنگلہ دیش کے تمام گروپ میچز بھارت میں ہی شیڈول ہیں۔

editor

Related Articles