لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے نئے بجلی کنکشنز کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹرز خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ لیسکو بورڈ کی جانب سے دو لاکھ 40 ہزار جدید اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹرز کی خریداری کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر مجموعی طور پر ساڑھے تین ارب روپے کے قریب لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق دو لاکھ چالیس ہزار اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹرز کی خریداری پر تقریباً 3 ارب 50 کروڑ روپے تک اخراجات آئیں گے۔ کمپنی کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے باقاعدہ طور پر سمارٹ میٹرز کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ متعلقہ وینڈرز سے رابطے اور ٹینڈرنگ کے مراحل بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس وقت لیسکو میں نئے صارفین کو این او سی کی بنیاد پر بجلی کنکشن فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس طریقہ کار کے تحت لیسکو صارفین کو اے ایم آئی سنگل فیز میٹر کی خریداری کے لیے این او سی جاری کرتی ہے اور صارفین خود مارکیٹ سے سمارٹ میٹر خرید کر لگواتے ہیں۔ اس نظام کے باعث صارفین کو اضافی مالی بوجھ اور مختلف نوعیت کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کے پاس سمارٹ میٹرز کا باقاعدہ سٹاک دستیاب ہونے کے بعد صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے جائیں گے اور کنکشن کا عمل لیسکو کی جانب سے فراہم کردہ میٹرز کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سٹاک کی فراہمی یقینی ہونے پر این او سی کی بنیاد پر سمارٹ میٹر خریدنے کا موجودہ طریقہ کار ختم کر دیا جائے گا اور این او سی کے اجرا پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
لیسکو انتظامیہ کے مطابق اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے نہ صرف میٹر ریڈنگ کا نظام خودکار ہو جائے گا بلکہ بجلی چوری کی روک تھام، درست بلنگ اور لائن لاسز میں کمی جیسے اہم اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ جدید سمارٹ میٹرز کے ذریعے صارفین کو اپنے بجلی استعمال کی تفصیلات بروقت معلوم ہو سکیں گی جس سے توانائی کے بہتر استعمال کا رجحان فروغ پائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کا یہ اقدام بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سمارٹ میٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے بجلی کی تقسیم کے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور صارفین کو درپیش شکایات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔