بجلی کے اسمارٹ میٹرز لگوانے والے صارفین کے لیے خوشخبری

بجلی کے اسمارٹ میٹرز لگوانے والے صارفین کے لیے خوشخبری

ملک بھر میں جدید اسمارٹ میٹرز کی بڑے پیمانے پر تنصیب کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے ذریعے انسانی مداخلت میں کمی اور بلنگ کے عمل میں درستگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے ملک گیر سطح پر اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات کے باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا، بلنگ کے نظام میں شفافیت لانا اور بجلی کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں جدید اسمارٹ میٹرز کی تنصیب بڑے پیمانے پر کی جائے گی، جب کہ مالی سال 2025-26 کو “کسٹمر سروس امپروومنٹ کا سال” قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اسمارٹ میٹرنگ نظام کے نفاذ سے بلنگ میں شفافیت اور درستگی پیدا ہوگی، جس سے صارفین کا اعتماد بحال ہوگا۔

ملک بھر میں تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ بجلی صارفین موجود ہیں، جن میں سے 80 فیصد سنگل فیز صارفین ہیں۔ ان صارفین کو مرحلہ وار اسمارٹ میٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق اسمارٹ میٹرز کی قیمت کم کر کے 20 ہزار سے 15 ہزار روپے فی میٹر تک لائی گئی ہے، جبکہ شفاف اور مسابقتی خریداری کے عمل سے سالانہ 25 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کے لئے خوشخبری، روس کی جانب سے ’’فل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام ‘‘ کا اعلان

ترجمان نے کہا کہ اسمارٹ میٹرنگ سے انسانی مداخلت میں نمایاں کمی آئے گی اور بلنگ کے عمل میں درستگی یقینی بنائی جائے گی۔ صارفین موبائل ایپ کے ذریعے اپنے بجلی کے استعمال کی ریئل ٹائم نگرانی کر سکیں گے، جس سے انہیں توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال میں مدد ملے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق اسمارٹ میٹرنگ نظام بجلی کے مؤثر استعمال اور لاگت میں کمی کا باعث بنے گا، جب کہ ڈسکوز کو بلنگ اور شکایات کے ازالے کے عمل میں تیزی حاصل ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بجلی کے نیٹ ورک کی ریموٹ نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے، جس سے فالٹ کی فوری نشاندہی اور مرمت کے اقدامات بروقت کیے جا سکیں گے۔

ترجمان کے مطابق اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات بجلی کے شعبے کی ڈیجیٹل منتقلی کی سمت ایک اہم سنگ میل ہیں، جو نہ صرف شفاف بلکہ تیز اور محفوظ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔

Related Articles