بسنت کے موقع پر لاہوریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ رکشوں میں بھی مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شہر میں 10 ہزار رکشے مفت سفر کے لیے دستیاب ہوں گے۔
رکشوں کی فراہمی کے لیے رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں ’’ینگو‘‘ اور ’’ان ڈرائیو‘‘ سے معاہدے پر پیش رفت جاری ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں تین دنوں کے لیے رکشے فراہم کریں گی۔ رکشوں کی فراہمی کے بدلے یہ کمپنیاں بسنت کے موقع پر مفت اشتہاری مہم بھی چلائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رکشے شہر کے مختلف علاقوں میں دستیاب ہوں گے اور شہریوں کو آن لائن رائیڈ بک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مسافر کہیں سے بھی رکشے میں سوار ہو کر شہر کے اندر سفر کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ بسنت کے موقع پر شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی مفت دستیاب ہوگی جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع سے لاہور کے لیے بھی مفت بسیں چلائی جائیں گی۔ مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا مقصد بسنت کے دوران موٹرسائیکل کے استعمال کو کم سے کم کرنا ہے۔