نئی گاڑی نے دھوم مچادی،ایک چارج پر میلوں سفر

نئی گاڑی نے دھوم مچادی،ایک چارج پر میلوں سفر

دنیا بھر میں آلودگی میں کمی اور ایندھن کے متبادل ذرائع کے استعمال پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے چین کی معروف آٹو موبائل کمپنی ایکس پینگ نے ایک جدید ہائبرڈ ایس یو وی جی 7 متعارف کرائی ہے، جو اپنی غیر معمولی رینج کی وجہ سے عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

ایکس پینگ جی 7 کو جدید “سپر ایکسٹینڈ رینج” ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے،جس کے باعث یہ گاڑی بجلی اور پیٹرول کے مشترکہ استعمال سے ایک ہزار اٹھاون میل (تقریباً 1700 کلومیٹر) تک بغیر رکے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس ایس یو وی میں 55.8 کلو واٹ آور کا طاقتور بیٹری پیک نصب ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک چھوٹا مگر مؤثر پیٹرول انجن بھی موجود ہے گاڑی میں 60 لیٹر گنجائش کا فیول ٹینک دیا گیا ہے جو طویل فاصلے کے دوران بیٹری کو چارج رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :معروف برینڈ نے حیران کن فیچرز سے لیس نئی گاڑی متعارف کروادی

روایتی ہائبرڈ گاڑیوں کے برعکس جہاں محدود بیٹری اور الیکٹرک موٹر پر انحصار کیا جاتا ہے، جی 7 کا سسٹم زیادہ جدید اور مؤثر ہے۔ اس میں پیٹرول انجن بنیادی طور پر بیٹری کو چارج کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جس سے نہ صرف رینج میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ڈرائیور کو بار بار چارجنگ یا ری فیولنگ کی پریشانی بھی نہیں رہتی۔

کمپنی کے مطابق یہ گاڑی ایک ہی سفر میں بیجنگ سے شنگھائی تک یا پاکستان کے تناظر میں تقریباً کراچی سے لاہور تک کا فاصلہ بغیر کسی رکاوٹ کے طے کر سکتی ہے،جی 7 کے ساتھ ساتھ ایکس پینگ نے پی 7 پلس نامی سیڈان بھی متعارف کرائی ہےجس میں یہی جدید رینج ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ پی 7 پلس صرف الیکٹرک موڈ میں 267 میل تک سفر کر سکتی ہے، جبکہ مجموعی رینج 963 میل تک پہنچ جاتی ہے۔

قیمت کے حوالے سے بات کی جائے تو جی 7 ایس یو وی کی قیمت ایک لاکھ 95 ہزار 800 یوآن مقرر کی گئی ہے جبکہ پی 7 پلس سیڈان ایک لاکھ 80 ہزار 800 یوآن میں دستیاب ہوگی،کمپنی کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کو مستقبل میں چین کے علاوہ یورپ، جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی منڈیوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا جہاں انہیں ٹیسلا جیسی بڑی کمپنیوں کے مقابل پیش کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق ایسی جدید ہائبرڈ گاڑیاں مستقبل میں نہ صرف ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گی بلکہ طویل سفر کرنے والے صارفین کے لیے بھی ایک عملی اور کم خرچ حل ثابت ہو سکتی ہیں۔

editor

Related Articles