پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں تاریخ ساز پیش رفت

پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں تاریخ ساز پیش رفت

پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ایک تاریخی اور انقلابی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے شفاف، محفوظ اور قانونی استعمال کے لیے مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

حکومت پاکستان نے پاکستان کرپٹو کونسل اور پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی قائم کر کے ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔

ان اداروں کا بنیادی مقصد پاکستان میں کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنا، صارفین کو تحفظ فراہم کرنا اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک واضح اور جامع قانونی فریم ورک متعارف کرانا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام سے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوگا اور سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ ماحول میسر آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا ڈیجیٹل معیشت اور بٹ کوائن ٹیکنالوجی کیجانب مضبوط قدم ، ترقی کی نئی جہتیں روشن

حالیہ پیش رفت کے تحت پاکستان میں اہم کرپٹو ایکسچینجز کو عبوری لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ کرپٹو مائننگ، ٹوکنائزیشن اور فنٹیک سے متعلق مختلف پائلٹ پروجیکٹس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کو خطے میں ڈیجیٹل فنانس کا ایک اہم مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اسی سلسلے میں وزیراعظم پاکستان نے عالمی ڈیجیٹل فنانس ادارے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ ملاقات میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وِٹکوف، اعلیٰ عسکری قیادت اور اہم حکومتی نمائندگان شریک تھے۔

وزیراعظم پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا وژن شہریوں کے لیے بہتر روابط، آسان رسائی اور شفاف نظام کے فروغ پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور جدید مالیاتی نظام کے فروغ سے معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ورلڈ لبرٹی فنانشل نے پاکستان میں محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے قیام میں تعاون پر گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ادارے کے مطابق اس شراکت داری سے عالمی مالیاتی تبادلے، ترسیلات زر اور زرمبادلہ کی ادائیگیوں میں جدت آئے گی اور ڈیجیٹل فنانس میں نئے افق روشن ہوں گے۔

مزید پڑھیں:معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی،شہباز شریف

زچری وِٹکوف نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کا کردار نہایت اہم بنتا جا رہا ہے اور پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ریگولیٹری اقدامات کو مستقبل دوست قرار دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ورلڈ لبرٹی فنانشل نے پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد بلاک چین، اسٹیبل کوائنز اور دیگر ڈیجیٹل فنانس شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا تھا۔

واضح رہے کہ یہ اہم ملاقات اور حالیہ اقدامات پاکستان کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے انقلابی فریم ورک پر بڑھتی ہوئی بین الاقوامی توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ حکومتی وژن اور ریگولیٹری پیش رفت پاکستان کی بٹ کوائن، بلاک چین اور مجموعی ڈیجیٹل معیشت کو ترقی کی نئی سمت دے رہی ہیں، جو مستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی انضمام کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *