معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی،شہباز شریف

معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی،شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستانی افواج کی کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے ،کئی ممالک ان طیاروں کی خریداری کے حوالے سے پاکستان سے بات چیت کر رہے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد پاک فضائیہ نے تیمور ویپن سسٹم کو کامیابی سے لانچ کیا جس سے ملکی دفاع اور معیشت دونوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہے ہیں اور پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے اور پاکستان اس میں کامیابی حاصل کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں :دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،شہباز شریف

انہوں نے معیشت کے شعبے میں پیش رفت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط خوش آئند ہیں، اس معاہدے سے معیشت کو فائدہ ہوگا اور ملک ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ کوئٹہ میں ایک اہم سڑک پر کام تیزی سے شروع ہو چکا ہے، جس پر 400 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔بلوچستان میں دانش اسکول بنانے کا آغاز ہو چکا ہے اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم کے شعبے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملکی ترقی، معیشت کی مضبوطی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رہیں گے اور پاکستان دفاع، تعلیم اور ترقی کے میدان میں مضبوط بنیادیں قائم کر رہا ہے۔

editor

Related Articles