الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 10جنوری کو اسلام آباد بلدیاتی حکومت ترمیمی آرڈیننس جاری کیا، جس میں اسلام آباد میں مقامی حکومت کا ڈھانچہ تبدیل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی حکومتوں کے الیکشنز کا موڈ بھی تبدیل کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کا پروگرام واپس لیتا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 15 فروری کو بلدیاتی الیکشن شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باضابطہ طور پر درخواست دی تھی ، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ایک تفصیلی خط ارسال کیا گیا ہے، جس میں بلدیاتی انتخابات کے موجودہ شیڈول کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی استدعا کی گئی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت نے اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس جاری کر دیا ہے، آرڈیننس کےمطابق ہرٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسل کے چیئرمین بطور جنرل ممبران ہوں گے، ہر ٹاؤن کارپوریشن میں4خواتین،1کسان یاورکز،1تاجریا بزنس مین ہوگا،ایک نوجوان رکن اور ایک غیر مسلم رکن ہو گا۔
آرڈیننس کےمطابق یونین کونسل کےجنرل ممبر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا، یونین کونسل کے جنرل ممبرکےانتخاب کیلئےسارایوسی ملٹی ممبروارڈمیں تبدیل کیاجائےگا ، جس میں ایک ووٹر ایک جنرل ممبر امیدوار کے لیے ووٹ ڈالے گا اور سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنےوالے 9 امیدوارجنرل ممبران منتخب ہوں گے۔ اسی طرح کامیاب امیدوار 30دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔
جنرل ممبران یونین کونسل کی مخصوص نشستوں پرممبران شو آف ہینڈ کےذریعے منتخب کریں گے جبکہ جنرل ممبران، مخصوص ارکان شوآف ہینڈ سے مشترکہ چیئرمین اوروائس چئیرمین منتخب کریں گے، چیئرمین اور وائس چیئرمین 30 دن کے اندرکسی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکتاہے۔