ملک بھر میں شبِ معراج آج عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ملک بھر میں شبِ معراج آج عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ملک بھر میں آج شبِ معراج  26 رجب بروز جمعتہ المبارک عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

 اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات، نوافل اور محافلِ ذکر کا اہتمام کیا جائے گا ، شبِ معراج کے حوالے سے علمائے کرام خصوصی خطابات کریں گے، جن میں واقعۂ معراج اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی۔

اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شب معراج اسلامی تاریخ کا ایک ایسا عظیم واقعہ ہے جو رسول اکرم ﷺ کی زندگی میں پیش آیا، یہ وہ رات ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ اور پھر آسمانوں کی سیر کرائی،  شب معراج مسلمانوں کے لیے نہ صرف ایمان کی تجدید کا ذریعہ ہے بلکہ یہ رات ہمیں اللہ تعالیٰ کی قربت اور عظمت کا احساس دلاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر آگئی

مسلمان اس مقدس رات کو عبادت، تلاوت قرآن، نوافل، درود و سلام اور دعاؤں میں گزارتے ہیں،  شب معراج کی فضیلت یہ ہے کہ یہ رات اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے دروازے کھول دیتی ہے،  یہ رات ہمیں اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے اور اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

شب معراج کا پیغام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی ہر وقت رہنمائی کرتا ہے اور انہیں اپنی عبادت کے ذریعے روحانی سکون حاصل کرنے کی دعوت دیتا ہے ، یہ رات ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہمیں اپنی زندگی میں ہمیشہ عبادات اور اعمال صالحہ پر عمل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : بارش، برفباری اور یخ بستہ ہوائیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

علاوہ ازیں سندھ حکومت نے شبِ معراج کے موقع پر سکولز میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ، محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 17 جنوری کو بند رہیں گے۔

editor

Related Articles