عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے گزشتہ روز تاریخی اضافے کے بعد آج گولڈ مارکیٹ میں منافع کے حصول اور عالمی قیمتوں میں نرمی کے باعث سونا سستا ہو گیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 174 ڈالر فی اونس پر آ گئی جس کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1 ہزار 100 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی فی تولہ چاندی 48 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 716 روپے کی سطح پر آ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز گولڈ مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی تھی جب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 185 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی۔ اسی اضافے کے اثرات کے باعث پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہو گئی تھی۔