اسلام آباد پولیس میں 1712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں جس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر کے نوجوانوں کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
اسلام آباد پولیس میں 1712 آسامیوں کے لیے امیدوار صرف آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر آن لائن اپلیکیشن فارم پُر کریں مطلوبہ معلومات درج کریں اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست جمع کرائیں۔
درخواست جمع کرانے کے بعد امیدوار اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر اور ای میل پر موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق تحریری امتحان جسمانی ٹیسٹ انٹرویو اور دیگر مراحل میں شرکت کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگر آپ میں پاکستان کی خدمت کا جذبہ دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ کام کرنے کا عزم ہے تو اسلام آباد پولیس میں شمولیت کا یہ بہترین موقع ہے لہٰذا اہل امیدوار فوری طور پر اپنی درخواست جمع کرائیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی کا واحد معیار میرٹ ہوگا اور کسی بھی امیدوار کی سفارش یا سیاسی و غیر قانونی اثر و رسوخ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سفارش یا دباؤ استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے امیدوار کو فوری طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بھرتیوں میں پاکستان کے تمام صوبوں آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کے نوجوانوں کا مقررہ کوٹہ شامل ہے جبکہ امیدواروں کی سہولت کے لیے امتحانی مراکز ان کے قریبی علاقوں میں قائم کیے جائیں گے تاکہ انہیں غیر ضروری سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت شفاف میرٹ پر مبنی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیس فورس کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھرتی کے پورے عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنایا گیا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر آن لائن درخواست جمع کرائیں اور اسلام آباد پولیس کا حصہ بن کر ملک و قوم کی خدمت کا موقع حاصل کریں۔