حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مہنگائی کے مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے  اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے،پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا جائے گا۔

 یاد رہے کہ آبنائے ہرمز میں مبینہ طور پر امریکا اور ایرانی فورسز کے درمیان کشیدگی کی خبروں کے بعد عالمی توانائی منڈی میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں ٹریڈنگ کے دوران تقریباً ساڑھے سات فیصد تک اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ بڑھ کر 101 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلی گئی، بعض مواقع پر قیمت 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جس نے توانائی کے شعبے میں تشویش بڑھا دی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے عوام کی پریشانی کا حل نکال لیا؛ پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اہم فیصلہ

ایشیا کی منڈیوں میں بھی تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہی اور سرمایہ کاروں میں بے چینی دیکھی گئی،ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہتی ہے تو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور سپلائی چین متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں تقریباً تین فیصد اضافے کے بعد یہ 97 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے اثرات عالمی منڈیوں کے ساتھ ساتھ عام صارفین تک بھی پہنچ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

editor

Related Articles