خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں 7 اور 8 مئی 2026 کو صوبے کے دو مختلف اضلاع میں کی گئیں جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

اسی طرح دوسری انٹیلی جنس بنیاد کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا پولیس کی سہ ماہی رپورٹ جاری، فتنہ الخوارج کے  85 دہشتگرد ہلاک، 475 مقدمات درج،107 گرفتار

حکام کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کو ختم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

editor

Related Articles