انڈر 19ورلڈکپ،پاکستان ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

انڈر 19ورلڈکپ،پاکستان ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے ایک اہم اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ گرین شرٹس نے سیمی فائنل کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا۔

ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو مکمل طور پر درست ثابت ہوا۔ پاکستانی نوجوان بولرز نے شروع سے ہی کیوی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کیویز کی جانب سے بوگو 39 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے تاہم انہیں کسی اور کھلاڑی کا خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا نے عمدہ لائن و لینتھ کے ساتھ 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دیگر بولرز نے بھی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور رنز کے بہاؤ کو قابو میں رکھا جس کے باعث نیوزی لینڈ کا اسکور مستحکم نہ ہو سکا۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، گرین شرٹس نے ہدف صرف 18ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں :پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچز، تاریخیں سامنے آگئیں

اوپننگ اور مڈل آرڈر بیٹرز نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا، تاہم سمیر منہاس نے ایک شاندار اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی، سمیر منہاس 76 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

یوں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے سپر سکس مرحلے کے اس اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف یہ میچ جیتنا ضروری تھا بلکہ گرین شرٹس کو یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہوگی بھارت کے خلاف مقابلہ پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے اور شائقین کو ایک سنسنی خیز میچ کی توقع ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *