رمضان المبارک میں عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے “رمضان نگہبان پیکیج” کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ 47 ارب روپے کے اس جامع ریلیف پیکیج کے تحت پنجاب بھر کے تقریباً ایک کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس پیکیج کے تحت صوبے کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 10,000 روپے کی نقد امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ماہانہ امداد کی رقم 3,000 روپے سے بڑھا کر 10,000 روپے کر دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے 20 لاکھ سے زائد “نگہبان کارڈز” جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے مستحق افراد نہ صرف نقد رقم حاصل کر سکیں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی خریداری بھی ممکن ہوگی۔ مستحقین بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس اور ون لنک نیٹ ورک سے منسلک کسی بھی اے ٹی ایم سے رقم نکلوا سکیں گے۔
صوبے بھر میں نگہبان کارڈز کی فعال سازی کے لیے 136 مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود گھر گھر جا کر مستحقین کو نگہبان کارڈز فراہم کریں تاکہ عوام کو قطاروں میں کھڑا نہ ہونا پڑے۔
مزید برآں، ہر تحصیل میں 8 “نگہبان دسترخوان” قائم کیے جائیں گے، جہاں روزانہ 2,000 افراد کو باعزت انداز میں افطاری فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح صوبے کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال رہیں گے، جبکہ دیگر علاقوں میں عارضی بازار لگائے جائیں گے۔
پورے عمل کی شفاف نگرانی کے لیے “رمضان نگہبان ڈیش بورڈ” تیار کیا گیا ہے۔ حکام کارڈ ہولڈرز کو فون کالز کے ذریعے امداد کی وصولی کی تصدیق کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا سدِباب کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں کوئی بھی مستحق خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔ ہم غریب عوام کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔