پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے پارلیمانی راہنما شاہد خان خٹک نے آزاد ڈیجیٹل کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے جھوٹا اور بےبنیاد الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ پلیٹ فارم پر پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مسلسل منفی اور جانبدارانہ رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کا دعویٰ ہے کہ ’سچ بولا اور دکھایا تو برا مان گئے‘ کے مصداق شاہد خان خٹک کا الزام اور دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ہے، آزاد ڈیجیٹل ایک غیر جانبدارانہ صحافتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو ہر طبقہ زندگی اور سیاسی و سماجی کرداروں اور راہنماؤں کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے اوران کے مؤقف اور بیانیے کو حقائق کے ساتھ غیر جانبدار طور پر عوام کے سامنے پیش کرتا ہے۔
جمعرات کو ’آزاد ڈیجیٹل‘ کے رپورٹر کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں شاہد خان خٹک نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو میڈیا پر اپنے مؤقف کے اظہار کے لیے کسی ایک پلیٹ فارم پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں، جس پر آزاد ڈیجیٹل کے رپورٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اتنا ہی وقت دیتے ہیں جتنا شاید کوئی اور دیتا ہو، تاہم اس پر شاہد خان خٹک نے کہا کہ اب ہمارے اپنے یوٹیوبرز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز موجود ہیں، جن کے ذریعے ہم اپنا بیانیہ براہِ راست عوام تک پہنچائیں گے۔
شاہد خان خٹک نے آزاد ڈیجیٹل پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم پر دن بھر پی ٹی آئی کے خلاف منفی رپورٹنگ کی جاتی ہے، انہوں نے آزاد ڈیجیٹل کو ایک ’کالا چینل‘ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ادارے کا مکمل بائیکاٹ کرتی ہےجس پر آزاد ڈیجیٹل کے رپورٹر نے کہا کہ ہم آپ سے جو سوال کرتے ہیں اس کا جواب من وعن اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے عوام تک پہنچاتے ہیں آپ کو ایسا کیوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ کے ساتھ جانبداری والا سلوک کیا جارہا ہے ۔
تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ اب پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی راہنما آزاد ڈیجیٹل کو انٹرویو نہیں دے گا اور نہ ہی اس پلیٹ فارم کے ذریعے کوئی بیان یا بیانیہ جاری کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے اس حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور مستقبل میں پارٹی کا مؤقف صرف اپنے منظور شدہ میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔