سوزوکی آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس (AGS) اپنی بہترین فیول ایفیشنسی، مناسب قیمت اور قابلِ اعتماد کارکردگی کے باعث سڑکوں پر نمایاں مقام بنا رہی ہے۔ یہ گاڑی خاص طور پر شہری ڈرائیونگ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، جو کم خرچ اور آسان استعمال کی متلاشی عوام کے لیے ایک موزوں انتخاب سمجھی جا رہی ہے۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس میں 660 سی سی انجن نصب ہے، جو بظاہر کم پاور آؤٹ پٹ رکھتا ہے، تاہم گاڑی کے ہلکے وزن کی وجہ سے یہ شہر کے اندر چلانے کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ شہری صارفین کے لیے اس کا اے جی ایس (آٹو گیئر شفٹ) ویریئنٹ خاص اہمیت رکھتا ہے، جو آٹومیٹک ٹرانسمیشن کی سہولت اور مینوئل ٹرانسمیشن جیسی فیول بچت فراہم کرتا ہے۔ گیئر کی تبدیلی کے دوران ہلکا سا جھٹکا آنا معمول کی بات ہے۔
اندرونی ڈیزائن کی بات کی جائے تو گاڑی میں ڈارک اور لائٹ گرے رنگوں کا خوبصورت امتزاج، سامنے دو کپ ہولڈرز اور اینالاگ کلائمٹ کنٹرول موجود ہے۔ اسپیڈومیٹر پر اوسط فیول کنزمپشن، فوری فیول کنزمپشن، باقی ماندہ فاصلے (ڈسٹنس ٹو ایمپٹی) اور فیول انڈیکیٹر کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ آٹومیٹک گیئر شفٹ اسٹیئرنگ ویل پر نصب ہے، جو ڈرائیونگ کو مزید آسان بناتی ہے۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس کی قیمت 2026
پاکستان میں سوزوکی آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس کی قیمت ٹیکس فائلرز کے لیے 31 لاکھ 66 ہزار 480 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس اقساطی منصوبہ 2026
سوزوکی کی جانب سے اس ماڈل کے لیے تین سالہ آسان اقساطی منصوبہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ گاڑی کی کل قیمت 31 لاکھ 66 ہزار 480 روپے ہے، جس میں 30 فیصد ایکویٹی یا سیکیورٹی ڈپازٹ 9 لاکھ 49 ہزار 944 روپے بنتا ہے۔
ٹیکس فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس 15 ہزار 832 روپے مقرر ہے، جبکہ پروسیسنگ فیس 15 ہزار 660 روپے ہے۔ گاڑی کے پہلے سال کی انشورنس پریمیم 79 ہزار 162 روپے ہے۔ تین سالہ اقساطی منصوبے کے تحت ماہانہ قسط 83 ہزار 947 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈاؤن پیمنٹ 10 لاکھ 61 ہزار 598 روپے ہے۔
ڈاؤن پیمنٹ میں پہلے سال کی ایڈوانس انشورنس شامل ہے اور ماہانہ اقساط میں بھی انشورنس کی رقم شامل ہوگی۔ تاہم یہ تمام رقوم عارضی ہیں اور ان میں رد و بدل ممکن ہے۔ واضح رہے کہ رجسٹریشن فیس اور دیگر اضافی چارجز اس حساب میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔