وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھاٹی گیٹ واقعے کو قتل کے مترادف قرار دے دیا جب کہ انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت 5 افسران کی گرفتاری اور 2 افسران کو نوکری سے برطرف کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مین ہول حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مریم نواز نے غفلت کے مرتکب افسران کو شدید سرزنش کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت 5 افسران کی گرفتاری اور 2 افسران کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایل ڈی اے، نیسپاک اور کنٹریکٹر، تینوں نے مجرمانہ غفلت برتی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں تعمیراتی کام شہریوں کی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لئے ہے، لوگوں کی جانیں لینے کے لیے نہیں۔
انہوں نے کمشنر لاہور کو بھی واقعے کا اتنا ہی ذمہ دار قرار دیا جتنا ایل ڈی اے کو۔ وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ واقعے کو دبانے کی کوشش کی گئی اور ہر مرحلے پر غفلت برتی گئی۔
مزید جانیئے: لاہور کھلے مین ہول میں ماں بیٹی گرنے کا واقعہ، ماں کی لاش مل گئی بیٹی کی تلاش جاری

