پاکستانی کرکٹ نے ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ میں ایک نیا اور یادگار باب رقم کر دیا ہے، قومی ٹیم کے اسپنرز نے پہلی بار ایک اننگز کی تمام 10 وکٹیں حاصل کر کے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا، یہ تاریخی کارنامہ لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سرانجام دیا گیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی اسپنرز نے شاندار نظم و ضبط، ورائٹی اور جارحانہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا، میچ میں گرنے والی تمام 10 وکٹیں سپنرز کے نام رہیں جو اس فارمیٹ میں پاکستان کے لیے پہلی مرتبہ ممکن ہوا۔
ابرار احمد اور شاداب خان کے سپن اٹیک نے کمال دکھا دیا
میچ میں لیگ اسپنر شاداب خان اور آف اسپنر ابرار احمد نے مرکزی کردار ادا کیا اور 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ عثمان طارق نے 2 اہم وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لے کر اسپنرز کے مکمل غلبے کو یقینی بنایا۔
پاکستانی اسپنرز نے درمیانی اوورز میں رنز کے بہاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ مسلسل وکٹیں حاصل کیں، جس کے باعث آسٹریلوی بیٹرز دباؤ کا شکار ہو گئے اور بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
ٹی 20 تاریخ میں انوکھا واقعہ
اعداد و شمار کے مطابق ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ میں یہ مجموعی طور پر 10 واں موقع ہے کہ کسی ٹیم کے اسپنرز نے ایک اننگز کی تمام وکٹیں حاصل کی ہوں، تاہم فل ممبر ممالک کے درمیان کھیلے گئے میچز میں یہ صرف دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز صرف بھارتی اسپنرز کو حاصل تھا، جنہوں نے 2022 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میچ کے دوران تمام 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، اب پاکستان بھی اس مختصر فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
پاکستان کی 90 رنز سے شاندار فتح
واضح رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے، قومی ٹیم کی جانب سے بیٹرز نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث آسٹریلیا کو بڑا ہدف ملا۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 16ویں اوور میں صرف 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، یوں پاکستان نے میچ 90 رنز کے واضح فرق سے جیت لیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی، جبکہ شائقین کرکٹ نے لاہور میں پاکستانی سپن بولنگ کا ایک تاریخی اور یادگار مظاہرہ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔