بین الاقوامی تحقیقی تجربہ حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لیے ایک شاندار موقع سامنے آگیا ہے، سنگاپور کی ممتاز جامعہ نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی نے این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں، یہ ایک مکمل فنڈڈ تحقیقی پروگرام ہے جو بیچلرز اور ماسٹرز کے باصلاحیت طلبا کو عالمی معیار کی تحقیق سے جوڑنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ 2026 دو سے 3 ماہ پر مشتمل ایک باوقار تحقیقی پروگرام ہے، جو ایشیا کی صفِ اول کی جامعات میں شمار ہونے والی این ٹی یو کے کیمپس میں منعقد ہوگا، یہ پروگرام یکم جولائی سے 31 اگست 2026 تک جاری رہے گا، جس کے دوران منتخب طلبا کو این ٹی یو کے ممتاز اساتذہ اور محققین کی نگرانی میں جدید تحقیقی منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستانی طلبا کے لیے سنہری موقع، آسان شرائط اور عالمی ماحول
یہ فیلوشپ دنیا بھر کے باصلاحیت انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبا کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے، خاص طور پر پاکستانی طلبا کے لیے یہ پروگرام اس وجہ سے نہایت پرکشش ہے کہ اس میں نہ تو کسی قسم کی درخواست فیس رکھی گئی ہے اور نہ ہی جی آر ای، آئی ای ایل ٹی ایس یا ٹوفل جیسے مہنگے امتحانات کی شرط عائد کی گئی ہے، جس سے متوسط طبقے کے طلبا کے لیے بھی بین الاقوامی تحقیق کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ تمام تعلیمی شعبوں کے طلبا کے لیے کھلی ہے، چاہے ان کا تعلق انجینئرنگ، سائنس، بزنس، سوشل سائنسز، ہیومینٹیز یا کسی اور مضمون سے ہو، یہ پروگرام عملی تحقیق، بین الاقوامی نیٹ ورکنگ اور سنگاپور کے متحرک تعلیمی و ثقافتی ماحول کو قریب سے سمجھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
مکمل فنڈنگ، مالی رکاوٹیں ختم
منتخب پاکستانی فیلووز کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس میں پاکستان سے سنگاپور اور واپسی کے ہوائی ٹکٹ، مکمل ٹیوشن فیس کی معافی، این ٹی یو کی جانب سے مفت رہائش، پہلے مہینے کے لیے 2,000 سنگاپور ڈالر سیٹلنگ اِن الاؤنس اور 1,500 سنگاپور ڈالر ماہانہ وظیفہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ویزا اخراجات، رجسٹریشن فیس، رہائشی اخراجات اور کھانے کی سہولت بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے، جس کے باعث طلبا بغیر کسی مالی دباؤ کے مکمل طور پر اپنی تحقیق پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔
این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ 2026 کی نمایاں خصوصیات
این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ 2026 اپنی جامع اور آسان شرائط کی وجہ سے دیگر بین الاقوامی پروگرامز سے منفرد حیثیت رکھتی ہے، اس پروگرام میں نہ کم از کم جی پی اے کی شرط ہے، نہ زبان کے امتحانات لازم ہیں اور نہ ہی درخواست فیس وصول کی جاتی ہے، ریفرنس لیٹرز بھی اختیاری رکھے گئے ہیں۔
پروگرام تمام قومیتوں کے طلبا کے لیے کھلا ہے، منتخب طلبا کو عالمی معیار کے اساتذہ کی سرپرستی حاصل ہوگی، جبکہ نیٹ ورکنگ سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ طلبا ایک جامع بین الاقوامی تجربہ حاصل کر سکیں۔
اہلیت کا معیار اور درخواست کا طریقہ
اہلیت کے مطابق پاکستانی درخواست گزار کا کسی تسلیم شدہ ادارے میں بیچلرز یا ماسٹرز پروگرام میں داخل ہونا ضروری ہے، اس کی گریجویشن 2026 یا 2027 میں متوقع ہو، وہ سنگاپور اسٹوڈنٹ پاس کے لیے اہل ہو اور کسی بھی تعلیمی شعبے سے تعلق رکھتا ہو، انگریزی مہارت کے ٹیسٹ اسکورز فراہم کرنا لازمی نہیں ہے۔
درخواست دہندگان کو آن لائن درخواست کے دوران ذاتی معلومات، تعلیمی اسناد، پاسپورٹ کی نقل، حالیہ تصویر، اسٹیٹمنٹ آف پرپز، اختیاری تعلیمی ریفرنس لیٹرز اور ایک سے دو منٹ کی موٹیویشن ویڈیو جمع کرانا ہوگی۔
درخواست کی آخری تاریخ
پاکستانی طلبا این ٹی یو گلوبل کنیکٹ فیلوشپ 2026 کے لیے این ٹی یو کے آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، دستیاب تحقیقی منصوبوں کی مکمل فہرست بھی درخواست کے نظام میں موجود ہے، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔

