لاہور میں بسنت فیسٹیول 2026 کی افتتاحی اور اختتامی تقریب پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیاہے جبکہ بسنت کیلئے اسپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں کو ثقافتی رنگوں سے سجا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بسنت فیسٹیول 2026 کی افتتاحی اور اختتامی تقریب پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایاگیاہے۔وینڈر نے بسنت تقریبات پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات حکومت پنجاب کو پیش کردیں۔جلال صلاح الدین اینڈ پروڈکشن نے تقریبات کی مد میں تیس کروڑ روپے کا تخمینہ دیا ہے۔ لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ میں بسنت کی افتتاحی اور آصف جاہ کی حویلی میں اختتامی تقریبات ہوں گی،ان دونوں تقریبات پر 500 سے زائد افراد کا انتظام کیا جائے گا۔
لاہور میں پتنگوں کی خرید و فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث پتنگ ساز طلب پوری کرنے سے قاصر ہو گئے ہیں۔
لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت فیسٹیول منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں، جس کے لیے یکم فروری سے ہی مارکیٹوں میں پتنگیں اور ڈور کی فروخت شروع ہو گئی تھی۔ ان دنوں پتنگ ساز دن رات محنت کر کے رنگ برنگی پتنگیں تیار کر رہے ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
پتنگ بازی کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ وہ یکم فروری کا شدت سے انتظار کر رہے تھے تاکہ بروقت پتنگیں خرید کر گھروں میں ذخیرہ کر سکیں۔
دوسری جانب پتنگ سازوں کا کہنا ہے کہ ان کے تمام آرڈرز مکمل ہو چکے ہیں اور اب مزید آرڈرز لینا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق طلب اس قدر زیادہ ہے کہ دستیاب وسائل کے باوجود سپلائی پوری نہیں ہو پا رہی۔
مزید پڑھیں: بسنت کیلئے پتنگیں اور ڈور خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

