لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد کے لیے کل سے پتنگوں اور ڈور کی فروخت کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 2246 ٹریڈرز کو پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پتنگوں اور ڈور کی فروخت کے لیے مجموعی طور پر 2504 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 95 درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں، جبکہ 163 ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل تاحال جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا یہ عمل 8 فروری تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب بسنت کی تیاریوں اور دیگر انتظامی اقدامات کے پیش نظر لاہور کے انتظامی افسران کی کل کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے۔
کمشنر لاہور مریم خان نے بتایا کہ چھٹی کے روز تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور شہر بھر میں بسنت قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہر میں قائم بسنت کیمپس سے آگاہی مہم اور سیفٹی راڈز کی تنصیب کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو مؤثر آگاہی دے کر ان کا تعاون حاصل کیا جائے تاکہ بسنت کو محفوظ بنایا جا سکے۔