کراچی ائرپورٹ پر فلائٹس آپریشن میں غیر متوقع خلل کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں جس سے مسافروں کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق آج سات اہم پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں، جن میں داخلی اور بین الاقوامی پروازیں شامل ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر کراچی سے عدیس ابابا جانے والی پرواز ای ٹی 695 اور کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز ڈی سیون 109 منسوخ کی گئی ہیں۔ جبکہ کراچی سے ریاض جانے والی سعودیہ کی پرواز ایس وی 709، بھی اڑان نہیں بھر سکی ۔ اسی طرح اندرون ملک پروازوں میں کراچی سے لاہور جانے والی ایئرسیال کی پروازیں پی ایف 143 اور پی ایف 145، کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئرسیال کی پرواز پی ایف 123 اور کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 بھی اڑان نہیں بھر سکیں۔
مسافروں نے بتایا کہ کئی لوگ اپنی اہم میٹنگز، کاروباری دوروں اور جاب کی ڈیڈ لائن پر پہنچنے کے لیے منتظر تھے، لیکن پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے وہ شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔ سینکڑوں مسافر لاونجز اور انتظار گاہوں میں پھنس کر رہ گئے، اور عملے کے ساتھ کئی بار بحث بھی دیکھنے میں آئی۔
متعلقہ ائرپورٹ حکام نے فلائٹس کے متاثر ہونے کی وجوہات ظاہر نہیں کیں، جس سے مسافروں میں غیر یقینی صورتحال بڑھ گئی۔ ایئر لائنز نے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کو ممکنہ دوبارہ شیڈولنگ اور متبادل انتظامات کے بارے میں آگاہ کرنے کی کوشش کی، تاہم صورتحال غیر معمولی اور غیر متوقع ہونے کی وجہ سے پریشانی برقرار رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے حالات نہ صرف مسافروں کی روزمرہ زندگی متاثر کرتے ہیں بلکہ کاروباری اور پیشہ ورانہ منصوبوں میں بھی خلل ڈالتے ہیں، جبکہ ائرپورٹ پر انتظامی دباؤ اور مسافروں کے رویے بھی بڑھتے ہیں۔