آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد، چیف آف دی نیول اسٹاف سے اہم ملاقات

آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد، چیف آف دی نیول اسٹاف سے اہم ملاقات

آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سربراہ پاک بحریہ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ اس دورے کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بحری اور دفاعی تعاون کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی آذر بائیجان کے صدر سے ملاقات، تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق

معزز مہمان کو نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بھی متعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر انہیں پاک بحریہ کے تنظیمی ڈھانچے، آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کے دوران دونوں بحری سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی میری ٹائم سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، بحیرہ عرب میں امن و استحکام، اور تربیت، صلاحیت سازی اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں بحری تعاون، مشترکہ تربیتی پروگرامز، اور معلومات کے تبادلے کو مزید فروغ دیا جائے۔ دونوں سربراہان نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں، جدید بحری پلیٹ فارمز، اور میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز سے متعلق جامع بریفنگ بھی دی گئی۔

مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اورآذربائیجان کے وزیردفاع کے درمیان اہم ملاقات

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور قریبی دفاعی تعاون پر ہے۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو خطے میں امن، استحکام اور محفوظ سمندری راستوں کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کا یہ دورہ مجموعی طور پر دونوں ممالک اور بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Related Articles