فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ان نئے ریٹس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی اور کمرشل جائیدادوں پر کیا گیا ہے، جس کے بعد پراپرٹی کی ویلیوایشن میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جائیدادوں کے نظرثانی شدہ ویلیوایشن ریٹس نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت مختلف علاقوں اور کیٹیگریز میں جائیدادوں کی قیمتوں میں 15 فیصد سے لے کر 75 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ اضافہ پراپرٹی کی نوعیت، محل وقوع اور تعمیر شدہ یا غیر تعمیر شدہ ہونے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اب غیر منقولہ املاک کی مارکیٹ ویلیو کا تعین انہی نئے سرکاری ریٹس کے مطابق کیا جائے گا، اس کے نتیجے میں کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی بھی نئی ویلیوایشن کے تحت کی جائے گی، جس سے جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی رقم میں اضافہ متوقع ہے۔
ایف بی آر کے مطابق پانچ سال تک پرانے رہائشی تعمیر شدہ اسٹرکچر کے لیے نیا سرکاری ریٹ 3,000 روپے فی مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی تعمیر شدہ رہائشی جائیداد کے لیے سرکاری ویلیوایشن ریٹ 1,500 روپے فی مربع فٹ طے کیا گیا ہے، ان ریٹس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔