سہیل آفریدی کے قافلے کے باعث ٹریفک جام، مریض، خواتین اور بچے شدید اذیت میں مبتلا، شہریوں کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر اظہار برہمی
Home - آزاد انتخاب - سہیل آفریدی کے قافلے کے باعث ٹریفک جام، مریض، خواتین اور بچے شدید اذیت میں مبتلا، شہریوں کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر اظہار برہمی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے قافلے کی اسلام آباد آمد کے موقع پر 26 نمبر چونگی کے قریب گزشتہ کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام ہے جس کے باعث ہزاروں گاڑیاں شدید گرمی میں کئی گھنٹوں تک پھنسی ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے سہیل آفریدی کے قافلے کو موٹر وے پر روک لیا جبکہ 26 نمبر چونگی راولپنڈی کے اطراف ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔ ٹریفک جام کے باعث مریض، خواتین، بچے اور ایمبولینسیں بھی متاثر ہوئیں۔
شہریوں نے صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ شہری نے ’’آزاد ڈیجیٹل ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کو احساس ہونا چاہیے کہ لوگوں کو اس طرح اذیت میں ڈالا گیا ہے۔ شہری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہونے کے ناطے انہیں عوامی مشکلات کا خیال رکھنا چاہیے۔
شہری نے مزید کہا کہ اس طرزِ عمل سے عوام کے دلوں میں نفرت پیدا ہو رہی ہے اور سوال اٹھایا کہ اس سے سہیل آفریدی کو کیا حاصل ہوگا۔
ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کے مطابق ایک طرف قافلے کے ساتھ جشن اور نعرے بازی جاری رہی، جبکہ دوسری طرف عوام کئی گھنٹوں سے سڑکوں پر پھنسے رہے۔ متاثرہ شہریوں نے اسے دھرنا یا تماشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک جام نے عام لوگوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔